اس وقت زمین کے استعمال پر جن گورننس اقدامات کی ضرورت ہے، ان پر تو بات تک نہیں ہو رہی۔ گلوبل وارمنگ، موسمیاتی تبدیلی اور خشک سالی کے نرغے میں آئے پنجاب اور انڈس ویلی کے دیگر خطوں میں زمین کے ایک معتدبہ حصے کو واگزار کروا کر دوبارہ جنگل ڈیکلئر کرنے کی ضرورت ہے۔ جہاں ممکن ہو مغلوں اور گوروں کے زمانے کے ریزروز (رکھوں) کو بحال کرنے اور/یا ان کی طرز کے مزید ریزروز ڈیکلئر کرنے کی ضرورت ہے۔ ریزروز میں روایتی گلہ بانوں کے گریزنگ رائٹس محفوظ کرنے کی ضرورت ہے۔ ہر گائوں کے ساتھ شاملات طرز کی کمیونٹی رکھ کا وجود بحال/قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ لینڈ کی کلاسیفیکیشن تبدیل کرنے کا اختیار ڈی سی بادشاہ سے واپس لیکر منتخب اسمبلیوں اور منتخب کونسلوں کو منتقل کرنے کی ضرورت ہے۔
میکنائزڈ فارمنگ، پانی کے بے تحاشہ استعمال اور ہائوسنگ سکیم گیری کی موجودہ روش برقرار رہی تو پنجاب کا ایک بڑا حصہ آئندہ چند برسوں میں اتنا گرم ہو جائے گا کہ وہاں انسانی آبادی کا رہنا بھی مشکل ہو جائے گا۔







